بھارت نے ایک ڈیم کی تعمیر کرکے دریائے راوی کا پانی پاکستان کی طرف جانے سے مکمل طور پر روک دیا ہے۔
اس دریا کے پانی پر بھارت کا حق ہے، تاہم تقسیم ملک کے بعد سے اب تک اس کا کچھ پانی پاکستان جاتا رہا تھا۔
بھارتی صوبے پنجاب میں شاہ پور کنڈی بیراج کی تکمیل کے ساتھ ہی دریائے راوی سے پاکستان کی جانب پانی کا بہاؤ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت پانی کی تقسیم میں اہم تبدیلی کی جانب ایک اشارہ ہے۔
شاہ پور کنڈی ڈیم پنجاب اور جموں و کشمیر کی سرحد پر واقع ہے اور بھارت کا کہنا ہے کہ جو اضافی پانی پاکستان کی جانب بہہ کر جاتا تھا، اس کی بندش سے اب خطہ جموں و کشمیر مستفید ہو سکے گا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان پانی کی تقسیم کے حوالے سے سن 1960 کے سندھ طاس آبی معاہدے کے تحت دریائے راوی کے پانی پر بھارت کا خصوصی حق ہے، البتہ قدرتی طور پر اس دریا کا بچا ہوا پانی پاکستان کی جانب بہہ کر جاتا تھا جس کا آب پاشی کے لیے پاکستان میں بھی استعمال ہوتا تھا۔
سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت نے دریائے سندھ اور اس میں گرنے والے پانچ دریاؤں کے پانی کی تقسیم پر اتفاق کیا تھا۔