سیکرٹری جنرل جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی واجد علی ایڈووکیٹ نے ریوینیو ایمپلائز کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اپنا کیچن چلانے کے لیے اپنی کی گئی محنت کا معاوضہ مانگنے پر ریاست ملازمین کو پابند سلاسل کرتی ہے یہ شرمناک اور قابل مذمت عمل ہے۔
جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں پارٹی سیکرٹری جنرل واجد علی ایڈووکیٹ نے ریوینیو ایمپلائز کے مظفر آباد دھرنے سے گرفتاری کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے اپنے جائز حقوق مانگنے والے شہریوں کو ریاست قتل کرتی ہے، سوال اٹھانے پر مارتی ہے، اپنی محنت کا جائز معاوضہ مانگنے پر تھانوں اور جیلوں میں ڈالتی ہے، اس طرح کا ریاستی جبر و تشدد قابل قبول نہیں ہے، جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی اس ظلم و جبر کی پُرزور مزمت کرتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ریوینیو ایمپلائز کا مطالبہ جائز ہے، گرفتار ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے اور ان کے مطالبہ کو تسلیم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔
واجد علی ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ ریاست کا کام شہریوں کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانا ہے جبکہ یہ ریاست لوگوں کے حقوق طاقت کے ذریعے کچلتی ہے ۔ عوام کا ریاست اور بیرونی قبضہ کا پیدا کردہ خوف اب ٹوٹ گیا ہے، عوام اب اس ریاست کے ظلم جبر اور وحشیانہ پن کے خلاف منظم ہوں ۔