شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ سماج سے غربت، جہالت،بیروزگاری،قومی غلامی اور طبقاتی تفریق کے خلاف منظم اور مسلسل جدوجہد کرنا ہے۔
جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کی ممبر سینٹرل کمیٹی ڈاکٹر پروین جاوید، ضلعی سیکرٹری باغ برانچ کرن کنول، سیکرٹری نشرواشاعت رابعہ رفیق نے یوم مئی کے حوالے سے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ شہدائے شکاگو کی قربانی دنیا بھر کے مزدوروں کی نجات کے لیے تھی،شہدائیشکاگو کی عظیم جدوجہد اور قربانی کو خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنے سماج میں غربت، جہالت، پسماندگی،قومی غلامی اور طبقاتی تفریق کے خلاف منظم اور مسلسل جدوجہد کی جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں آج سرمایہ دارانہ ترقی کی غیر ہموار شکلوں نے غریب عوام کی جدوجہد کے تقاضوں کو بدل دیا ہے۔ سماج کا درست بنیادوں پر تجزیہ کر کہ ہی انقلاب کی تخلیق کی جدوجہد کو منظم کیا جا سکتا ہے۔دنیا میں آج بائیں بازو کی سیاست میں سارے بحران سمٹ کر موضوعی عنصر یعنی انقلابی تنظیم کی تعمیر اور انقلابی قیادت کا بحران بن کر سامنے آئے ہیں۔اس بحران سے نبردآزما ہونے کے لیے ضروری ہے کہ بائیں بازو کے نظریاتی سفر میں انقلابی تنظیم کی تعمیر کے لیے جدید بنیادوں پر حکمت عملی اور اس حکمت عملی پر مسلسل عمل ضروری ہے، تنظیم کی تعمیر کے سوال میں اناڑی پن جدوجہد کے سفر میں منزل کو دور کر دیتا ہے، آزاد خیالی اور اناڑی پن کا قلع قمع کر کے ہی عظیم مقاصد کے حصول کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر میں خواتین کا سیاسی عمل میں شریک ہونا خوش آئند ہے۔ یوم مئی دنیا بھر کی محنت کشوں اور محکوموں کی تحریکوں میں جڑت اور یکجہتی کیساتھ ساتھ عزم نو کا دن ہے۔