اکستانی مقبوضہ کشمیر میں دیولیاں کے مقام پر مسافر جیپ کے حادثے میں 14 افراد ہلاک جبکہ دو مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسیکو 1122 کے مطابق حادثہ نیلم ویلی روڈ دیولیاں بائی پاس کے قریب پیش آیا جس میں مسافر گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ تاہم حادثے کی وجوہات کے بارے میں ابھی واضح طور پر کُچھ کہا نہیں جا سکتا۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق وادی نیلم کے علاقے لوات سے بتایا جاتا ہے۔ جس میں قریبی رشتہ دار بھی شامل ہیں۔
ریسیکو 1122 کے مطابق تمام لاشوں کو کھائی سے نکال لیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ڈرائیور، چھ بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔
ریسیکو حکام کے مطابق لواحقین لاشوں کو آبائی علاقے لے کر جا رہے ہیں۔
جائے وقوعہ پر موجود وائلڈ لائف کشمیر کے اہلکار راجہ شکیل خان کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسیکو 1122، پولیس اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی۔
ان کے مطابق مقامی لوگوں نے ریسکیو عملے کے ساتھ مل کر کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد کھائی سے لاشوں اور زخمیوں کو اوپر پہنچا دیا ہے