پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے آٹھمقام تھانہ سٹی کی پولیس نے کمسن بچے سے مبینہ زیادتی اور دیگر جرائم کے مقدمے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان میں عامر خان، مبشر خان، خواجہ فیضان، راجہ حمزہ اور راجہ سبحان، ساکنان سالخلہ، شامل ہیں۔ بچے کے والد زاہد خان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں مبینہ زیادتی، حبسِ بے جا، دھمکیاں دینے اور دیگر جرائم سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران بارہ بور رائفل اور 30 بور پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تفتیش کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تعین تفتیش اور قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔
Share this content:


