پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں میونسپل کارپوریشن کے تقریباً 120 ورک چارج سینٹری ورکرز شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ متاثرہ ملازمین کے مطابق وہ محض 12 ہزار روپے ماہانہ پر خدمات انجام دینے پر مجبور ہیں، جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے انہیں تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں۔
سینٹری ورکرز کا مؤقف ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں اتنی قلیل اجرت پر گزارہ ممکن نہیں، اور تنخواہوں کی تاخیر نے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری بلدیات ارشاد قریشی نے اس صورتحال سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ کوئی سینٹری ورکر 12 ہزار روپے ماہانہ پر کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ جنوری 2025 میں حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کنٹیجنٹ بنیادوں پر تعینات ملازمین کی کم از کم تنخواہ 25 ہزار سے بڑھا کر 37 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم اس پر عملدرآمد تاحال سوالیہ نشان ہے۔
Share this content:


