ریڑہ/باغ/کاشگل نیوز
پاکستان زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے ریڑہ میں انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے کیڑوں سے آلودہ سرکاری آٹا پریس کلب لا کر حکام کی توجہ مبذول کرا دی، جبکہ سرکاری آٹے کی ناقص کوالٹی، صحت کارڈ کی بندش، ریڑہ بائی پاس کی خستہ حالی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے خلاف کل بروز جمعہ بعد نمازِ جمعہ احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آلودہ آٹے کے تھیلے پیش کیے اور کہا کہ سرکاری آٹے میں کیڑے اور دیگر مضر صحت آلودگیاں پائی جا رہی ہیں، جو شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناقص آٹے کے استعمال سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے، مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے ان مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور اب اپنے مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایک نہ رکنے والی تحریک شروع کی جائے گی۔
ادھر انجمن تاجران باغ نے بھی پونچھ ڈویژن بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، انٹرنیٹ کی ناقص سروس، صحت کارڈ کی بحالی اور سرکاری آٹے کے معیار کی بہتری کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کل بروز جمعہ بعد نمازِ جمعہ زمان چوک میں بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
انجمن تاجران نے تاجر برادری، سول سوسائٹی، علماء کرام اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کر کے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔
Share this content:


