سر پر کفن باندھ کر نکلیں اور احتجاجی تحریک کے حق میں مساجد میں اعلانات کروائیں،عمر نذیر کشمیری کی عوام سے اپیل

حکومتِ پاکستان، حکومتِ آزاد کشمیر اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان 12 مہاجرین نشستوں کے خاتمے پر مذاکرات کی ناکامی اور 9 جون کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے ریاست کی طرف سے شروع کیے گئے خونی کریک ڈاؤن کے بعد پورے خطے میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ پاکستان سے 14 ہزار سے زائد اضافی فورسز کی تعیناتی، انٹرنیٹ کی مکمل معطلی اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقوق کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔

موجودہ بلیک آؤٹ اور سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں، ایکشن کمیٹی کے اہم رہنما عمر نذیر کشمیری صاحب کے حوالے سے اب تک موصول ہونے والی مصدقہ اور قابلِ اعتماد اطلاعات کے مطابق کھائیگلہ برمنگ پل کے قریب ان کے ساتھ ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے پرامن مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کے نتیجے میں عمر نذیر کشمیری شدید زخمی ہوئے، جبکہ ان کے سینیئر اور مخلص ساتھی شازب حبیب موقع پر ہی گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے۔

واقعے کے بعد عمر نذیر کشمیری زخمی حالت میں قریبی علاقے میں واقع ایک گھر تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ گھر کے افراد نے جب انہیں برآمدے میں زخمی حالت میں دیکھا تو فوری طور پر ان کی مدد کی، ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

موصولہ معلومات کے مطابق انہیں کان کے قریب گولی لگی ہے، جبکہ بعض اطلاعات ایک سے زائد گولیاں لگنے کی بھی نشاندہی کرتی ہیں۔ زخمی ہونے کے باعث ان کا کافی خون بہہ چکا تھا اور وہ زیادہ گفتگو کرنے کے قابل نہیں تھے۔ اس وقت انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

عمر نذیر کشمیری نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ: "کل تمام غیرت مند عوام راولاکوٹ شہر کا رخ کریں، سر پر کفن باندھ کر نکلیں اور جس شخص کا بھی اپنے علاقے میں اثر و رسوخ یا رابطہ ہو وہ مساجد میں اس احتجاجی تحریک کے حق میں اعلانات کروائے۔”

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان کے اہم ساتھی توصیف ریاض، شہزاد اظہر عرف منا بھائی، عادل صاحب اور بلال خان افضال عرف ننھا اس وقت فورسز کی کارروائی کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ ان کے حوالے سے تاحال کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق انہیں زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، تاہم اس دعوے کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عمر نذیر کشمیری اس وقت ایک محفوظ مقام پر موجود ہیں۔ سیکیورٹی وجوہات اور ریاستی انتقامی کارروائیوں کے خوف کی بنا پر ان کے موجودہ مقام یا اس گھر کی تفصیلات ظاہر کرنا مناسب نہیں جہاں انہیں ابتدائی پناہ اور مدد فراہم کی گئی۔

عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ برمنگ، کھائیگلہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں انتہائی چوکس رہیں اور عمر نذیر کشمیری صاحب کی حفاظت اور سلامتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ موجودہ حالات میں اتحاد، ذمہ داری اور باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

یہ اب تک کی موصول ہونے والی نسبتاً زیادہ قابلِ اعتماد اور مصدقہ معلومات ہیں، جو دستیاب حقائق اور براہِ راست رابطوں کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہیں۔ مزید کوئی مستند اطلاع موصول ہونے کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ عمر نذیر کشمیری صاحب کو جلد از جلد مکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے اور شاہزیب حبیب صاحب کی مغفرت فرماتے ہوئے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ہماری پرامن حقوق کی جدوجہد فتح یابی تک جاری رہے گی۔

Share this content: