سی ایم ہسپتال کے اندر و باہر ہجوم ، ڈاکٹرز کا فوجی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ

آل آزاد کشمیر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر سردار واجد علی خان نے حکومت، سیکیورٹی اداروں اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ راولاکوٹ کے شیخ زید بن النہیان ہسپتال( سی ایم ایچ) راولاکوٹ کو مکمل طور پر غیر جانبدار طبی زون قرار دیا جائے۔

ڈاکٹر واجد علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپیل کی کہ ہسپتالوں کےاندر اور باہرموجود عوامی ہجوم، دھرنے کوکسی مناسب مقام پرمنتقل کیاجائے،جبکہ سیکیورٹی فورسز بھی ہسپتالوں کے گرد و نواح میں شیلنگ اور کارروائیوں سے گریز کریں اور اس تک رسائی سب کیلئے مکمل کھولیں جائے۔ اس وقت ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کی واحد ترجیح زخمیوں اور مریضوں کی جانیں بچانا ہے۔

آنسو گیس اور کشیدہ ماحول کے باعث نہ صرف زخمی بلکہ دیگر سنگین مریض، بچے، بزرگ اور خواتین بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ہسپتال جنگ یا احتجاج کا میدان نہیں بلکہ زندگی بچانے کی آخری امید ہوتے ہیں۔

تمام فریقوں سے گزارش ہے کہ اختلافات، تحریک کا آپریشن اپنی جگہ، مگر ہسپتالوں کا تقدس، مریضوں کا حقِ علاج اور انسانی جانوں کا تحفظ ہر چیز پر مقدم رکھا جائے۔ ایک جان بچانا آج سب سے بڑی قومی اور انسانی ذمہ داری ہے۔

Share this content: