ریاستی کارروائیوں کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کا سخت ردعمل، مطالبات سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان

عوامی ایکشن کمیٹی نے حالیہ ریاستی کارروائیوں اور مظاہرین پر مبینہ فائرنگ کے واقعات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے انہیں "ریاستی دہشت گردی” قرار دیا ہے۔

کمیٹی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پُرامن عوام پر اسٹریٹ فائرنگ اور قومی میڈیا پر عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف لگائے جانے والے الزامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کے خلاف طاقت کے استعمال کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

بیان میں ریاستی پولیس سے اپیل کی گئی کہ وہ عوام کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرے اور ایسے اقدامات کا حصہ نہ بنے جن سے معصوم شہری متاثر ہوں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک عوامی حقوق کے حصول کے لیے جاری ہے اور پولیس اہلکاروں سمیت عام شہریوں کے مسائل مشترک ہیں۔

عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے مطالبات پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کسی دباؤ یا کارروائی کے نتیجے میں ختم نہیں ہوگی اور مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رہے گی۔

بیان کے اختتام پر تاریخی اور مذہبی استعاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کارکنوں سے ثابت قدم رہنے کی اپیل بھی کی گئی۔

Share this content: