اہلیانِ اکھوڑبن کا 9 ستمبر کو بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان، عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل

کاشگل نیوز ڈیسک

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اہلیان اکھوڑبن کی جانب سے حقوق کے حصول اور خطے میں پرامن جدوجہد کو تیز کرنے کے سلسلے میں 9 ستمبر 2026ء کو ایک عظیم الشان اور بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔

منتظمین اور اکھوڑبن کے مزاحمت کاروں کی جانب سے جاری کردہ اہم پیغام میں اکھوڑبن سمیت گردونواح کے تمام علاقوں کے عوام سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ عوامی شرکت کے ذریعے اتحاد، شعور اور پرامن جدوجہد کا عملی ثبوت دیا جائے۔

پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ مقامی لوگ پرامن شہری ہیں جو اپنے جائز اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے مکمل طور پر متحد ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اپنے حقوق کے لیے آخری دم تک ثابت قدم رہا جائے گا اور دنیا پر یہ باور کرایا جائے گا کہ عوامی آواز اور حقوق پر مبنی یہ پرامن تحریک ضرور کامیابی حاصل کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام جموں کشمیر میں گزشتہ تین مہینوں سے شدید عوامی احتجاج جاری ہے، جبکہ راولاکوٹ میں شہری مسلسل دھرنے پر بیٹھے ہیں۔

خطے بھر میں پاکستانی فوج اور فورسز کی جانب سے مکمل ناکہ بندی کی گئی ہے، جس کے باعث اشیائے خوردونوش اور بنیادی ادویات کی ترسیل شدید محدود ہو چکی ہے اور عوام کو انسانی بحران کا سامنا ہے۔

علاقے میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر معطل ہیں، جبکہ فورسز کی جانب سے کریک ڈاؤن کے دوران شوکت نواز میر سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں اور سینکڑوں افراد کو جبری طور پر لاپتہ کیا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیں، ہزاروں کی تعداد میں احتجاجی مظاہرین کو گرفتار کر کے جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

Share this content: