میرپور: سابق صدر بار ذوالفقار احمد راجہ کا نام فورتھ شیڈول میں شامل، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس منجمد

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے ممتاز قانون دان اور عوامی حقوق کے سرکردہ رہنما، میرپور بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ذوالفقار احمد راجہ کے خلاف ریاستی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ان کے خلاف یہ انتقامی کارروائی میرپور بار میں ‘جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی’ کے حق میں کی گئی ایک تقریر کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

انتظامیہ نے نامور سیاستدان اور قانون دان ذوالفقار احمد راجہ کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کر لیا ہے، جس کے بعد ان کے پاسپورٹ کو منسوخ اور بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کی عوامی و قانونی حلقوں میں شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اسے آئینی حقوق اور آزادی اظہارِ رائے پر براہِ راست حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ذوالفقار احمد راجہ جموں و کشمیر کی قومی سیاست کا ایک معتبر اور توانا نام سمجھے جاتے ہیں، جو طویل عرصے سے عوامی حقوق کی بازیابی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق، عوامی ایکشن کمیٹی کے حق میں آواز اٹھانے پر اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرنا عوامی تحریک کو دبانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ مقامی سول سوسائٹی اور وکلاء برادری نے اس کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: