گلگت/ کاشگل نیوز
گلگت بلتستان میں چیئرپرسن قائمہ کمیٹی سعدیہ دانش نے دنیور تھانے کا دورہ کیا اور کمسن بچی سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے مقدمے کی تفتیش اور اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ لی۔
سعدیہ دانش نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی تفتیش مکمل شفافیت، میرٹ اور قانون کے مطابق کی جائے اور متاثرہ بچی اور اس کے خاندان کو انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کمسن بچوں کے خلاف مبینہ جرائم انتہائی حساس نوعیت کے معاملات ہیں، جن میں تفتیش کے تمام مراحل کو غیر جانب داری اور ذمہ داری کے ساتھ مکمل کیا جانا چاہیے۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیئرپرسن قائمہ کمیٹی نے متعلقہ پولیس حکام سے مقدمے میں اب تک ہونے والی کارروائی، شواہد اور تفتیشی پیش رفت سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ قانون کے مطابق ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سعدیہ دانش نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور معاملے کی تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
Share this content:

