سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کی گرفتاری ظاہر، اڈیالہ جیل منتقل

گلگت/ کاشگل نیوز

گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خالد خورشید کی گرفتاری ظاہر کردی گئی ہے، جبکہ سرکار عباس میزا کی گرفتاری کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماؤں کو عدالتی حکم پر جوڈیشل ریمانڈ کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سرکار عباس میزا کو چار روز قبل پشاور سے حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کو بعد ازاں گرفتار کیا گیا۔ ان کی گرفتاری کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انہیں پشاور میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔

روزنامہ ڈان کی 13 اکتوبر 2026ء کی رپورٹ کے مطابق خالد خورشید کے خلاف مختلف مقدمات کے سلسلے میں کارروائی کی گئی۔ اس دوران اسپیکر بابر سلیم سواتی اور دیگر افراد کو بھی حراست میں لیے جانے سے متعلق اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

دوسری جانب خالد خورشید کے آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کی گئی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ساتھ اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد دونوں رہنماؤں کی ایک ہی جیل میں موجودگی سیاسی حلقوں میں توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

خالد خورشید کی گرفتاری، عدالتی ریمانڈ اور جیل منتقلی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ خالد خورشید گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز رہے ہیں اور وہ پارٹی کی علاقائی قیادت میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

Share this content: