گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا ہے کہ خطے کے گلیشیئرز پاکستان کے لیے پانی کا اہم ذخیرہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
ماؤنٹین ویمن کلائمیٹ ایوارڈ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ایک تلخ حقیقت بن چکے ہیں، جہاں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب انسانی آبادیوں، زرعی زمینوں اور بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا کے تین بڑے پہاڑی سلسلوں کے سنگم پر واقع گلگت بلتستان تقریباً آٹھ ہزار گلیشیئرز کا مسکن ہے۔ خطے کی متعدد بستیاں ان گلیشیئرز کے نشیبی علاقوں میں واقع ہیں جہاں برفانی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب ہر سال سینکڑوں خاندانوں کو متاثر کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہر سال قریب ایک ہزار گھرانے متاثر ہوتے ہیں، مکانات اور فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں جبکہ حکومت کو متاثرہ افراد کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کے لیے بھاری وسائل درکار ہوتے ہیں۔
امجد حسین کے مطابق موسمیاتی آفات سے سڑکوں، بجلی گھروں، سکولوں اور دیگر بنیادی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور ان کی مرمت و بحالی پر ہر سال اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جس سے خطے کے محدود ترقیاتی وسائل پر مزید دباؤ پڑتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ اور ان سے وابستہ خطرات کے مطالعے کے لیے پہلے کوئی مخصوص ادارہ موجود نہیں تھا، جس کے پیشِ نظر گلیشیئر پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ مختلف بلندیوں پر واقع گلیشیئرز پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو سائنسی بنیادوں پر سمجھنا اور ان کے مطابق حفاظتی اقدامات کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے اتھارٹی کو قومی اور بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے ساتھ مؤثر روابط استوار کرنے چاہییں۔
وزیراعلیٰ نے گلیشیئر گرافٹنگ یا مقامی سطح پر گلیشیئرز کی پیوندکاری سے متعلق روایتی علم اور تجربات کو بھی تحقیق اور تحفظ کی کوششوں کا حصہ بنانے پر زور دیا۔
Share this content:


