انڈیا کی اسلام آباد خودکش حملے کی مذمت اور دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام کی پُر زور تردید

انڈیا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

انڈیا کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی مسجد میں بم دھماکہ قابل مذمت ہے اور انڈیا اس سے ہونے والی ہلاکتوں پر رنج اور دکھ کا اظہار کرتا ہے۔

بی بی سی ہندی کے مطابق بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ ’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان اپنے سماجی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کے بجائے اپنی اندرونی خرابیوں کا ذمہ دار دوسروں پر ڈال کر خود کو دھوکہ دے رہا ہے۔‘

بیان کے مطابق ’انڈیا ایسے تمام بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس حملے کے پیچھے انڈیا اور افغانستان کے ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔

خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ ’ ثابت ہو گیا ہے کہ حملہ آور نے افغانستان کا دورہ کیا تھا، اور انڈیا اور افغانستان کی ملی بھگت سامنے آ رہی ہے۔‘

دوسری جانب افغانستان کی طالبان حکومت نے بھی پاکستان میں ہونے والے دھماکے کا مذمتی پیغام جاری کیا ہے۔

افغان وزارتِ خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ایک پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’افغانستان میں طالبان حکومت اسلام آباد میں جمعہ کی نماز کے دوران امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد نمازی ہلاک اور زخمی ہوئے۔‘

Share this content: