مسقط میں اچھی بات چیت ہوئی، لگتا ہے کہ ایران شدت سے معاہدے کا خواہاں ہے، صدر ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عمان میں ہونے والے مذاکرات ’بہت اچھے‘ رہے اور ایران ’بہت شدت سے معاہدہ چاہتا ہے‘۔

انھوں نے خبردار کیا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ’نتائج بہت سخت ہوں گے۔‘

جمعے کو عمان میں شروع ہونے والے مذاکرات گذشتہ جون کے بعد پہلی مرتبہ ہیں جب امریکہ نے ایران کی تین بڑی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔

ایرانی وفد کی قیادت وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کر رہے ہیں جبکہ امریکہ کی نمائندگی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کر رہے ہیں۔

عمانی وزیرِ خارجہ بدر البوسیدی، جو ان مذاکرات کے ثالث تھے، نے کہا کہ بات چیت ’مفید رہی اور فریقین کی سوچ کو واضح کرنے میں مدد ملی‘۔

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ مذاکرات ’اچھا آغاز‘ ہیں اور ’مثبت ماحول‘ میں ہوئے۔ انھوں نے بتایا کہ وفود اب مشاورت کے لیے اپنے اپنے دارالحکومت واپس جا رہے ہیں۔

امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ممکنہ تصادم کے خدشات کو جنم دیا ہے۔ ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای کو ’بہت فکر مند ہونا چاہیے‘۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام پر معاہدہ نہ کیا تو وہ فوجی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔

ایران کا موقف ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے اور وہ بارہا امریکی اور اتحادیوں کے الزامات کو مسترد کر چکا ہے۔

امریکہ نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی بھی بڑھا دی ہے، جسے ٹرمپ نے ’ایک بڑی بحری بیڑہ‘ قرار دیا ہے۔ یہ اقدام ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے سخت کریک ڈاؤن کے بعد کیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق ہزاروں افراد ہلاک ہوئے، تاہم انٹرنیٹ پابندیوں کے باعث درست اعداد و شمار سامنے نہیں آ سکے۔

صدر ٹرمپ نے امریکی صدارتی طیارے میں سفر کے دوران صحافیوں کو مزید بتایا کہ ’ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ معاہدہ کیا ہے، لیکن میرے خیال میں ایران ڈیل حاصل کرنے کا بہت خواہشمند ہے، جیسا کہ انھیں ہونا چاہیے۔ پچھلی بار انھوں نے ایسا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہو گا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ انھوں نے اب اپنا ارادہ بدل لیا ہے۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ معاہدہ کیا ہے، اور یہ یقینی طور پر پچھلی بار سے مختلف ہوگا۔‘

ٹرمپ نے کہا کہ ’ہمارے پاس ایک بڑا بحری بیڑا ہے، ایک بہت بڑی بحریہ جو اس سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور جلد ہی وہاں موجود ہو گی۔ لہٰذا ہم دیکھیں گے کہ معاملات کیسے چلتے ہیں۔‘

ایک رپورٹر کے پوچھے جانے پر کہ ٹرمپ کتنا انتظار کریں گے، انھوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس بہت وقت ہے۔ اگر آپ کو وینزویلا یاد ہے تو ہم نے کچھ دیر انتظار کیا اور ہمیں کوئی جلدی نہیں تھی۔‘

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’ہم اگلے ہفتے کے اوائل میں دوبارہ ملیں گے اور وہ ایک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، آپ ڈیل نہ کرنے کے نتائج جانتے ہیں، نتائج واضح ہیں، اس لیے ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ یہ ملاقات ایک بہت ہی اعلیٰ ایرانی عہدیدار کے ساتھ تھی اور ہم دیکھیں گے کہ اس کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔‘

امریکی صدر نے معاہدے کی شرائط کے بارے میں یہ بھی کہا کہ ’پہلے تو جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔ اگر ہم دو سال پہلے اس طرح کے معاہدے پر پہنچ سکتے تو شاید یہ معاہدہ ہو چکا ہوتا، لیکن وہ اسے قبول کرنے پر آمادہ نہیں تھے۔ اب وہ رضامند ہیں اور یہاں تک کہ ڈیڑھ سال پہلے بھی رعایتیں دینے کے لیے تیار ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’تاہم، یہ واضح رہے کہ ہم بالکل ایک سال سے اس پر عمل پیرا ہیں اور ہم نے اس صدارتی مدت کے آغاز کے چند ماہ بعد ہی اس رستے کا انتخاب کیا۔‘

Share this content: