امریکی فوج ایران کے خلاف ہفتوں طویل کارروائی کی تیاری کر رہی ہے، سرکاری اہلکاروں کا انکشاف

امریکہ کے دو سرکاری اہلکاروں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے کی صورت میں امریکی فوج ہفتوں تک جاری رہنے والی کارروائیوں کے امکان کے تحت تیاری کر رہی ہے۔

روئٹرز کے مطابق دونوں اہلکاروں نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بات کی۔

جب وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی سے ممکنہ فوجی آپریشن کی تیاریوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’صدر ٹرمپ کے پاس ایران کے حوالے سے تمام آپشنز موجود ہیں۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’وہ (ٹرمپ) کسی بھی مسئلے پر مختلف نقطہ نظر کو سنتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ اس بنیاد پر کرتے ہیں جو ہمارے ملک اور قومی سلامتی کے لیے بہتر ہو۔‘

پینٹاگون نے اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکہ اور ایران نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں نئے مذاکرات کا آغاز کیا تھا۔

حالیہ ہفتوں میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا کیونکہ امریکی فوجی دستے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات کیے جا رہے ہیں اور دونوں اطراف سے ہونے والی بیان بازی بھی شدت اختیار کر گئی ہے۔

Share this content: