پاکستانی کشمیر میں لیڈی ہیلتھ ورکر کا احتجاج،مرکزی شاہراہ بلاک

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنے مطالبات کے حق میں ایک ماہ سے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں اور جمعے کے روز انہوں نے احتجاج کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مرکزی شاہراہ بلاک کر دی۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پریس کلب سے سیکرٹریٹ جانے والی سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور علاقے میں ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 32 برس سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں صحت کے شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں، مگر طویل عرصہ گزرنے کے باوجود انہیں سروس اسٹرکچر، پینشن اور سروس اپ گریڈیشن جیسی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطابق پینشن کسی بھی سرکاری ملازم کے بڑھاپے کا بنیادی سہارا ہوتی ہے، مگر انہیں اس حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان کے سروس اسٹرکچر کی منظوری، پینشن کی ادائیگی اور سروس اپ گریڈیشن کا اعلان کیا جائے۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Share this content: