عوام ایک ماہ کی راشن ذخیرہ کرلے،9 جون کی احتجاج عدم ریاستی مداخلت سے پُرامن ہوگی،ایکشن کمیٹی کا اعلامیہ جاری

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) مظفرآباد ڈویژن نے اجلاس کے بعد اپنا اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیہ کور ممبر شوکت نواز میر نے پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، ڈڈیال اعلامیے کے مطابق، مظفرآباد ڈویژن میں دیگر دو ڈویژنز کی طرح مکمل لاک ڈاؤن کرے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بطور میزبان لانگ مارچ کے استقبال اور دیگر امور کی انجام دہی کے لیے انتظامی کمیٹی،کوآرڈینیشن کمیٹی،مالیاتی کمیٹی اور میڈیا کمیٹی کے نام سے اہم کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

اعلامیے کے مطابق ایک باقاعدہ ایس او پی (SOP) مرتب کی جائے گی جو بھی شخص اس ایس او پی پر عمل نہیں کرے گا، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد ڈویژن کی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنی ضروریاتِ زندگی کا سامان اور کم از کم ایک ماہ کا راشن ذخیرہ کر لیں۔

اعلامیے میں مخیر حضرات سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنے اردگرد موجود نادار اور مستحق طبقات کی مدد کریں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ 9 جون کی دی گئی کال مکمل طور پر پُرامن ہے، تاہم اگر حکومت یا کسی بھی ادارے کی جانب سے کسی قسم کا ایڈونچر کیا گیا تو عین اسی وقت ریاست بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا جائے گا۔

Share this content: