محکمہ صحت کے محنت کشوں کے مطالبات جائز، مکمل حمایت کرتے ہیں، واجد علی ایڈووکیٹ

پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر ہجیرہ میں چیئرمین جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی اور سابق صدر بار ایسوسی ایشن ہجیرہ، واجد علی ایڈووکیٹ نے محکمہ صحت کے محنت کشوں کی جاری ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست بھر کے محنت کش اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے منظم ہوں اور باہمی اتحاد کو فروغ دیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی پینشن اور سروس اسٹرکچر سمیت محکمہ صحت کے ملازمین کے دیگر مطالبات جائز ہیں اور ان کی فوری منظوری عمل میں لائی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔

واجد علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ وسائل پر ایک مخصوص طبقے کی اجارہ داری قائم ہے اور جب تک اس نظام کو تبدیل نہیں کیا جاتا، محنت کشوں کو ان کے بنیادی حقوق کی مکمل فراہمی ممکن نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ محنت کش طبقہ اپنے حقوق کے تحفظ اور حصول کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرے۔

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی محکمہ صحت کے محنت کشوں، بالخصوص لیڈی ہیلتھ ورکرز، کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور ان کی ہر جمہوری جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

Share this content: