رپورٹ: فرحان طارق
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے خطے میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق انتخابات 27 جولائی 2026 کو ہوں گے۔ موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت 2 اگست کو مکمل ہو رہی ہے، اور آئین کے مطابق اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے 60 دن کے اندر انتخابات کرانا لازم ہے۔
اسمبلی کی تشکیل
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں کل 53 نشستیں ہیں:
33 نشستیں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اندر بالغ رائے دہی کے ذریعے منتخب ہوتی ہیں۔
12 نشستیں پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے لیے مختص ہیں، جن کا انتخاب بھی بالغ رائے دہی کے ذریعے ہوتا ہے۔
ووٹرز کی تعداد
الیکشن کمیشن کے مطابق:
33 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد: 33 لاکھ 65 ہزار 839
مرد ووٹرز: 17 لاکھ 53 ہزار 933
خواتین ووٹرز: 16 لاکھ 11 ہزار 906
مہاجرین جموں کے 6 حلقے: 4 لاکھ 4 ہزار 948 ووٹرز
مہاجرین وادی کشمیر کے 6 حلقے: 33 ہزار 598 ووٹرز
خودمختار کشمیر کی حامی جماعتوں کا بائیکاٹ
خودمختار جموں کشمیر کی حامی جماعتیں اس بار انتخابات میں حصہ نہیں لے رہیں۔ اس حوالے سے جب جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے صدر واجد علی ایڈووکیٹ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے الیکشن شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے کہا:
“گزشتہ 78 سالوں سے یہاں ایک مخصوص مائنڈ سیٹ کے تحت الیکشن ہوتے ہیں، فئیر الیکشن کبھی ہوئے ہی نہیں۔ اس وقت عوامی موومنٹ جاری ہے اور عوام نے حکمران جماعتوں کو تین بار ریفرنڈم کی صورت میں مسترد کیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
“جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا مؤقف ہے کہ جب تک اصلاحات نہیں ہوتیں، فئیر الیکشن ممکن نہیں۔ یہ پارشل الیکشن ہوں گے، دھاندلی ہوگی، مخصوص لوگوں کو اقتدار دیا جائے گا۔ ہم اس شیڈول کو مسترد کرتے ہیں۔”
واجد علی ایڈووکیٹ کے مطابق 9 جون تک صورتحال واضح ہو جائے گی کہ آیا موجودہ حالات میں انتخابات ممکن بھی ہیں یا نہیں۔
رجسٹرڈ جماعتیں
الیکشن کمیشن میں کل 12 جماعتیں رجسٹرڈ ہیں جو انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہیں:
پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر
آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس
جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پیپلز پارٹی
آل جموں و کشمیر جمعیت علماء اسلام
جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی
جموں و کشمیر لبریشن لیگ
جمعیت علماء اسلام جموں و کشمیر
مرکزی جمعیت اہلحدیث آزاد جموں و کشمیر
مجلس وحدت المسلمین
جمعیت علمائے جموں و کشمیر
اہم سیاسی جماعتیں
پاکستان کی تین بڑی جماعتیں — پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی — ہمیشہ سے خطے کی سیاست میں نمایاں رہی ہیں، تاہم اس بار پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں۔
پیپلز پارٹی 1975 سے وقفے وقفے سے حکومت کرتی آئی ہے، جبکہ 2011 کے بعد سے پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی باری باری حکومت میں رہی ہیں۔
Share this content:


