راولاکوٹ میں شٹر ڈاؤن، عوامی احتجاج جاری، آزاد پتن انٹری پوائنٹ بھی بند

باغ / راولاکوٹ/ پلندری/ کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر راولاکوٹ میں جاری عوامی احتجاج کے دوران شہر اور مضافاتی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق تاجروں نے رضاکارانہ طور پر شٹر ڈاؤن کرتے ہوئے اپنے کاروبار بند کر دیے ہیں۔ پانیولہ، جھنڈاٹھی، جنڈالہ سمیت مضافات کے تمام چھوٹے بڑے بازار بند ہیں۔

مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ شٹر ڈاؤن کسی دباؤ یا زبردستی کے بغیر اپنی مرضی اور عوامی یکجہتی کے اظہار کے طور پر کیا گیا ہے۔

دریں اثنا گزشتہ روز فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے شاہزیب شہید کی میت سڑک پر رکھ کر پرامن احتجاج جاری ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہے اور اس میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہیں۔ عوام کا جوش و جذبہ اس حد تک ہے کہ شاہ زیب شہید کی نماز جنازہ کے لئے مختص صابر شہید اسٹیڈیم کم پڑ گیا۔

لاکھوں کی تعداد میں لوگ اپنے ہیرو کی نماز جنازہ میں شرکت و ریاستی جبر کے خلاف روڈوں پہ نکل آئے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنان اور حامی مختلف مقامات پر احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق راولاکوٹ میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے، جس کے باعث عوام اور میڈیا کو معلومات کے تبادلے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین کا مؤقف ہے کہ مواصلاتی پابندیوں کے باوجود ان کا احتجاج پرامن انداز میں جاری رہے گا۔

ادھر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر خان الیاس نے کارکنان اور مقامی عوام کے ہمراہ آزاد پتن انٹری پوائنٹ بند کر دیا ہے۔

احتجاجی شرکاء کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد اپنے مطالبات اور حالیہ واقعات کے خلاف عوامی ردعمل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔

جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی سرگرمیوں اور شٹر ڈاؤن کے باعث صورتحال بدستور کشیدہ ہے جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنی احتجاجی تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Share this content: