راولاکوٹ: عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا، شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

راولاکوٹ /کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے شاہزیب شہید اور سردار عمر نذیر کشمیری پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے خلاف راولاکوٹ میں سی ایم ایچ کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جب تک اس واقعے کی ایف آئی آر میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور، آئی جی آزاد کشمیر اور چیف سیکرٹری کو نامزد نہیں کیا جاتا، اس وقت تک شہید کی میت سی ایم ایچ کے سامنے جاری دھرنے میں موجود رہے گی۔

اعلامیے کے مطابق آج رات 12 بجے سے ریاست بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا آغاز ہوگا، جبکہ تمام داخلی راستوں اور اہم شاہرات کو بند کرنے اور شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ 9 جون کو لانگ مارچ اپنے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری رہے گا۔

کمیٹی نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جدوجہد کے دوران اتحاد، نظم و ضبط اور پرامن طرزِ عمل کو ہر صورت برقرار رکھیں، کیونکہ ان کی طاقت یکجہتی، شعور اور پُرامن مزاحمت میں مضمر ہے۔

Share this content: