مظفرآباد/ میرپور بھمبر حویلی /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر 9 جون کو میرپور ڈویژن نیلم حویلی اور جموں کشمیر کے مختلف علاقوں سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز ہو گیا۔
سماہنی، بھمبر، ڈڈیال، میرپور، بلوچ، ہجیرہ حویلی نیلم اور ٹنگی گلہ سمیت متعدد مقامات پر عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور قافلوں کی صورت میں دارالحکومت کی جانب روانہ ہوئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ احتجاجی مارچوں کے مقابلے میں اس بار شرکاء کی تعداد نمایاں طور پر زیادہ دیکھی گئی، جبکہ مختلف شہروں اور قصبوں میں عوامی اجتماعات اور ریلیوں میں مردوں، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
اطلاعات ہیں کہ بعض مقامات پر پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی اور تصادم کے واقعات بھی پیش آئے، تاہم شرکاء مختلف رکاوٹوں کے باوجود اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
لانگ مارچ میں شریک افراد کا کہنا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی عوام کے بنیادی حقوق، معاشی مسائل اور عوامی مطالبات کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
مظاہرین کے مطابق ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ درحقیقت عوامی آواز کو دبانے کی کوشش ہے، جسے عوام مسترد کرتے ہیں۔
دوسری جانب حکام کی جانب سے تاحال لانگ مارچ اور مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ صورتحال کے پیش نظر مختلف علاقوں میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
Share this content:


