راولاکوٹ / کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے پونچھ ڈویژن کے علاقے ٹائیں میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے انتخابی قافلے کو مقامی افراد نے آگے بڑھنے سے روک دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس انتخابی مہم کے سلسلے میں سفر کر رہے تھے کہ ٹائیں کے مقام پر احتجاج کرنے والے افراد نے ان کے قافلے کو روک لیا۔ اس دوران حالات کشیدہ ہو گئے اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سردار تنویر الیاس کا ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک ہو گیا۔
بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گارڈ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آیا، تاہم اس حوالے سے حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق یا تحقیقات کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
احتجاج میں شریک افراد اور مقامی نمائندوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ 38 روز سے عوام اپنے مطالبات اور مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر موجود ہے، لیکن عوامی مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا مؤقف تھا کہ جب تک عوام کے مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوتی، سیاسی قیادت کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ مزید تفصیلات اور سرکاری مؤقف سامنے آنے کا انتظار ہے۔
Share this content:


