کشمیر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، باغ میں شدید طغیانی، نیلم میں کلاؤڈ برسٹ سے درجنوں مکانات متاثر

باغ/نیلم /کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے شدید تباہی مچا دی ہے۔ ضلع باغ اور وادی نیلم میں موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی، جس سے متعدد مکانات، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا جبکہ جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

ضلع باغ کے علاقے نالہ ماہل میں شدید بارش کے بعد نالے میں اچانک طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں تقریباً دس مکانات سیلابی ریلے کی زد میں آ گئے۔ اطلاعات کے مطابق گھروں میں موجود قیمتی سامان بھی پانی اپنے ساتھ بہا لے گیا، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب وادی نیلم کے علاقے کٹھہ پیراں میں کلاؤڈ برسٹ (Cloudburst) کے باعث شدید تباہی ہوئی ہے۔ اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچایا، جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، تاہم حکام کی جانب سے نقصانات کا حتمی تخمینہ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔

مقامی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور رضاکار متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے کا عمل بھی جاری ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں اور آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو ندی نالوں، لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Share this content: