پنجاب میں بارشوں اور سیلاب سے 21 افراد ہلاک ، 38 گھروں کو نقصان

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے ادارے پروونشیئل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں 25 جون سے 22 جولائی تک بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات کے باعث 21 افراد ہلاک جبکہ 154 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں نو مرد، چار خواتین اور آٹھ بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کی مجموعی تعداد 154 ہے جن میں 67 مرد، 41 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں پانچ افراد ہلاک ہوئے، جبکہ اٹک، جھنگ اور پاکپتن میں تین، تین اموات رپورٹ ہوئیں۔ خوشاب، میانوالی، چنیوٹ، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات اور ساہیوال میں ایک، ایک شخص جان سے گیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب بھر میں 38 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 37 جزوی اور ایک مکمل طور پر تباہ ہوا۔ گوجرانوالہ سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں نو گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ میانوالی، مظفرگڑھ، جھنگ اور منڈی بہاؤالدین سمیت متعدد اضلاع میں بھی گھروں کو نقصان ریکارڈ کیا گیا۔

Share this content: