خیبر پختونخوا میں بارش وسیلاب سے 22 افراد ہلاک

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پروونشیئل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 19 جولائی سے اب تک خیبر پختونخوا میں تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں 22 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں نو مرد، تین خواتین اور 10 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، پانچ خواتین اور سات بچے شامل ہیں۔

ادارے کے مطابق تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 37 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 29 جزوی طور پر جبکہ آٹھ مکمل طور منہدم ہو گئے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر اور اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ ادارے نے مزید کہا ہے کہ تیز بارشوں کا سلسلہ آج تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

Share this content: