انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے امتحانی پرچے لیک کرنے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نریندر مودی نے کہا کہ ’نوجوانوں کی فلاح اور ان کا مستقبل سب سے زیادہ اہم ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کے لیے متعلقہ حکام کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔
مودی کا کہنا تھا کہ یہ ان اقدامات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جو طلبہ کے مفادات کے لیے کیے گئے ہیں۔
انڈین وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’جو لوگ نوجوانوں کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، انھیں بخشا نہیں جائے گا۔‘
واضح رہے کہ انڈیا میں مقابلہ جاتی امتحانات میں مبینہ بد عنوانی کے خلاف گذشتہ تین ہفتوں سے زیادہ عرصے سے احتجاج جاری ہے اور طلبہ وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پرچے لیک کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
Share this content:


