بلوچستان سے اطلاعات ہیں کہ مبینہ طور پاکستانی فورسز کے ہاتھوں آپریشن کے نام سے جاری حالیہ فوجی جارحیت میں بلوچ قوم کے خلاف ریاستی بربریت اور غیرقانونی پالیسی کے تحت جبری گمشدگیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مستونگ اور کوئٹہ سے خواتین اور بچوں سمیت مزید 7 افراد کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے، جس سے مقامی آبادی میں شدید تشویش اور ذہنی اذیت پائی جاتی ہے۔
ضلع مستونگ سے اطلاعات ہیں کہ کلی کونگڑھ سے 21 جولائی 2026 کو شام تقریباً 6:30 بجے ایک خاتون، ان کے تین کمسن بچوں اور دیگر اہلِ خانہ سمیت مجموعی طور پر پانچ افراد کو فورسز اور ایف سی اہلکاروں نے ان کے گھر سے جبری لاپتہ کردیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق جبری گمشدگی کا شکار ہونے والوں میں بی بی رافیعہ دختر مرحوم امام بخش (عمر 33 سال)، تین معصوم بچے جن کی عمریں بالترتیب 3 ماہ، 4 سال اور 6 سال ہیں، محمد عارف (بی بی رافیعہ کے بھائی)، بی بی ندا دختر مرحوم سراج احمد، عمر 18 سال (بی بی رافیعہ کی بھانجی)شامل ہیں۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سے مذکورہ تمام افراد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی، جبکہ اہلِ خانہ شدید ذہنی اذیت اور تشویش میں مبتلا ہیں۔
اہلِ خانہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام جبری لاپتا افراد کو فوری طور پر بازیاب کر کے بحفاظت ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا جائے۔
یاد رہے کہ بلوچستان سمیت کراچی سے پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں اب تک متعدد بلوچ خواتین کی جبری گمشدگی رپورٹ ہوئی ہے، جن میں سے کچھ رہا کر دیے گئے جبکہ کچھ کے بارے میں تاحال کسی قسم کی کوئی خبر نہیں ہے۔
دوسری جانب، بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے بھی پاکستانی فورسز اور سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں باپ اور بیٹے کی جبری گمشدگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ سے دو افراد کو سیکیورٹی اداروں (CTD/ISI) نے حراست میں لینے کے بعد جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا۔
ان کی شناخت اویس شاہ بلوچ ولد قاہِم شاہ، عمر 20 سال، پیشے کے لحاظ سے طالب علم اور مستقل رہائشی روبدار، قلات ہیں۔ انہیں 14 جولائی 2026 کو شام 5:00 بجے قمبرانی روڈ، کوئٹہ میں ان کے گھر سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔
قائم شاہ بلوچ ولد مہران شاہ، عمر 42 سال، پیشے کے لحاظ سے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ اور مستقل رہائشی روبدار، قلات ہیں۔ انہیں بھی اسی روز یعنی 14 جولائی 2026 کو علی الصبح 3:00 بجے قمبرانی روڈ، کوئٹہ میں واقع گھر سے اٹھا کر لاپتہ کر دیا گیا۔
Share this content:


