جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے کے جے اے سی) کے مرکزی رہنما عمر نذیر کشمیری نے کہا ہے کہ مطالبات پر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیے بغیر لانگ مارچ کسی صورت مؤخر یا ختم نہیں کیا جائے گا۔
لانگ مارچ سے ایک روز قبل راولاکوٹ میں جاری دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمر نذیر کشمیری نے کہا، "اب یہ کھلواڑ مزید برداشت نہیں کریں گے۔ اگر نوٹیفکیشن نہیں کرتے تو ادھر آنے کی ضرورت نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی بامقصد اور بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، تاہم کسی بھی تاخیری حربے یا چال کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں پر عملی پیش رفت اور تحریری نوٹیفکیشن کے بغیر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے دھرنے کے شرکا پر زور دیا کہ وہ پرامن رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور لانگ مارچ کی تیاری مکمل رکھیں۔
عمر نذیر کشمیری نے کہا کہ ایکشن کمیٹی اپنے مطالبات کی منظوری تک عوامی تحریک جاری رکھے گی۔
Share this content:


