جدوجہد جاری رکھی جائے، دھرنوں کو مضبوط کیا جائے، عمر نذیر کشمیری

راولاکوٹ / کاشگل نیوز

پاکستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں عوامی حقوق کی جدوجہد کو مزید آگے بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن سردار عمر نذیر کشمیری نے کہا ہے کہ عوام اور اوورسیز کشمیری احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں اور دھرنوں کو مزید مضبوط بنائیں۔

سردار عمر نذیر کشمیری کا کہنا تھا کہ "ہم مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیں اور ہمارے پاس اپنے مطالبات کے حوالے سے دلائل موجود ہیں، تاہم اس سے قبل بھی ہمارے ساتھ معاہدے کیے گئے تھے، اس لیے کوئی خوش فہمی میں نہ رہے۔”

انہوں نے کہا کہ آئندہ جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ عوام الناس کی مشاورت سے کیا جائے گا اور شہداء کے لہو کے ساتھ غداری نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے پاکستانی زیرانتظام جموں و کشمیر کے عوام اور بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی جدوجہد کو متحد ہو کر آگے بڑھائیں اور حقوق کے حصول تک احتجاجی سرگرمیوں کو جاری رکھیں۔

Share this content: