شوکت نواز میر کی گرفتاری کو دو ماہ مکمل، تاحال عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا

مظفرآباد / کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر شوکت نواز میر کی گرفتاری کو دو ماہ مکمل ہو گئے ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق انہیں تاحال عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا جا سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد شوکت نواز میر کو کہاں منتقل کیا گیا اور اس وقت وہ کس مقام پر موجود ہیں، اس حوالے سے بھی واضح معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

شوکت نواز میر کی طویل حراست اور عدالتی پیشی نہ ہونے کے معاملے پر قانونی و عوامی حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ یا قانونی کارروائی زیرِ التوا ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شوکت نواز میر کی گرفتاری اور موجودہ صورتحال کے بارے میں واضح معلومات فراہم کی جائیں اور انہیں آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ تین مہینوں سے تسلسل کے ساتھ جاری عوامی تحریک اور ان سے وابستہ ایک سے زائد افراد کو پاکستانی فورسز نے براہ راست فائرنگ کا نشانہ بناکر قتل کیا جبکہ شوکت نواز میر اور دیگر رہنمائوں کی طرح سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین جبری لاپتہ ہیں اور ہزاروں جیلوں میں بند ہیں۔

Share this content: