پاکستان زیر انتظام کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JKJAAC) کی کال پر 9 ستمبر کو مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیام جام ہڑتال کرنے کی پاداش میں حویلی انتظامیہ نے خورشید آباد کے متعدد مقامی رہنماؤں اور درجنوں کارکنوں کے خلاف مقدمہ (FIR) درج کر لیا ہے، جس پر عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے جن افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ان میں عنصر مجید ڈار، فیصل جاوید میر، گوہر شریف میر، ناصر فقیر میر، آصف احد میر، شریف میر آزاد، سجاد رفیق میر، انور میر، حبیب ٹھکر، مشتاق ٹھکر، شاید کاشر، انعام میر، اور حمزہ ڈار سمیت دیگر درجنوں ساتھی شامل ہیں۔
واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی خورشید آباد / حویلی نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سیاسی انتقام اور بزدلانہ عمل قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
کمیٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ "ہم اس ایف آئی آر کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ ہمارے متعدد ساتھیوں پر پہلے سے بھی درجنوں مقدمات درج ہیں اور ہمیں انتظامیہ کی ان کارروائیوں کا کوئی خوف نہیں۔”
عوامی ایکشن کمیٹی نے حویلی انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پولیس یا انتظامیہ نے کسی بھی رہنما یا کارکن کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو خورشید آباد سے ایسی شدید اور بے مثال مزاحمت دیکھنے کو ملے گی کہ انتظامیہ کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔
Share this content:


