دہلی میں این ایس یو آئی کے رہنما اور متعدد کارکنان گرفتار

بھارت کے دارلحکومت دہلی میں پارلیمنٹ سٹریٹ پولیس سٹیشن کے باہر احتجاج کرنے والے نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے قومی صدر ونود جاکھڑ، کانگریس سیوا دل سے وابستہ بی وی سری نواس اور انڈین یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

کچھ کارکنوں کو جمعرات کی رات دیر گئے جبکہ دیگر کو جمعے کی صبح سویرے حراست میں لیا گیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق، کانگریس سے وابستہ طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کا کہنا ہے کہ وہ تنظیم کی خواتین کارکنوں کے ساتھ مبینہ تشدد کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کے مطالبے کے لیے دھرنا دے رہے تھے۔

این ایس یو آئی کا الزام ہے کہ دہلی پولیس کی ایک خاتون افسر نے خواتین کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ سینئر پولیس حکام کو شکایت دینے کے باوجود اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

ونود جاکھڑ نے کہا، ’ہم نے بدھ کے روز ایڈیشنل ڈی سی پی سے بھی ملاقات کی تھی، لیکن اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔‘

این ایس یو آئی نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقدمہ درج نہ کیا گیا تو وہ اپنی احتجاجی تحریک مزید تیز کرے گی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کے رہنماؤں کو حراست میں لینے سے انصاف کے حصول کے لیے جاری احتجاج نہیں رکے گا۔

این ایس یو آئی کے الزامات پر دہلی پولیس نے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

Share this content: