ایف-16 کو پسپا کر دیا، امریکہ کو اب جدید فضائی دفاع کا سامنا ہوگا، ایران کا دعویٰ

ایرانی پاسداران انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج میں واقع ہنگام جزیرے کے قریب ایک جدید فضائی دفاعی نظام نے امریکی فوج کے ایف-16 جنگی طیارے کو وارننگ دی، جس کے بعد طیارہ واپس مڑنے پر مجبور ہو گیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا کہ یہ جنگی طیارہ ہنگام جزیرے کے جنوب مشرقی سمندری علاقے میں ایرانی فضائی حدود کے قریب آیا تھا اور مبینہ طور پر قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایرانی دفاعی ردِعمل کے بعد طیارے نے فوری طور پر رخ موڑ لیا۔

پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کے ضوابط کو نظرانداز کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے، اور ایسی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار فریقوں اور ان کی حمایت کرنے والی فوجی قوتوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایرانی فوج نے مزید کہا کہ ملکی فضائی حدود ایک ’ناقابلِ سمجھوتہ سرخ لکیر‘ ہیں اور امریکی طیاروں کی جانب سے کسی بھی مبینہ خلاف ورزی کا ’فیصلہ کن جواب‘ دیا جائے گا۔

’نئے تنازع کی صورت میں امریکہ کو جدید فضائی دفاعی نظاموں کا سامنا کرنا پڑے گا‘

ایران کے ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ اگر دوبارہ کوئی فوجی تصادم ہوا تو امریکہ کو ایران کے نئے اور جدید فضائی دفاعی نظاموں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سیاری نے کہا کہ گذشتہ دو برس کے تنازعات سے ایران نے یہ سبق سیکھا ہے کہ فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے نئے فضائی دفاعی نظام تیار کیے ہیں جنہوں نے پہلے ہی دشمن کو ’بھاری نقصان‘ پہنچایا ہے۔

حبیب اللہ سیاری نے کہا، ’کسی بھی حملے کی صورت میں امریکہ ان نظاموں کے اثرات اور صلاحیتوں کو دیکھے گا۔‘

دریں اثنا ایرانی خبر رساں ادارے مہر نے رپورٹ کیا ہے کہ رواں سال تنازع شروع ہونے کے بعد ایران 78 امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کر چکا ہے۔

ادھر واشنگٹن پوسٹ کی اگست میں شائع ہونے والی غیر مصدقہ رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران امریکہ کم از کم 45 ایم کیو-9 ریپر ڈرون کھو چکا ہے، جن میں سے ہر ایک کی تیاری پر تقریباً پانچ کروڑ ڈالر تک لاگت آتی ہے۔

Share this content: