پاکستان کے زیرا نتظام کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جیک) کی جانب سے عوامی اسمبلی کا پہلا اجلاس راولاکوٹ کے علاقے دریک میں منعقد ہوا، جس میں عوامی حقوق، خطے کی موجودہ صورتحال اور تحریک کے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
اجلاس کے دوران جیک کے کور ممبر سعد انصاری ایڈووکیٹ نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں عوامی حقوق کے مطالبات، شہری آزادیوں اور خطے کے عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے مختلف نکات شامل کیے گئے۔
عوامی اسمبلی کے اجلاس میں جیک کے کارکنان، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہریوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی حقوق کے لیے جاری جدوجہد کو پُرامن اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
سعد انصاری ایڈووکیٹ کی جانب سے قرارداد پیش کیے جانے کے بعد شرکا نے اس پر اظہارِ خیال کیا اور قرارداد کے نکات پر بحث کی۔
جیک کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوامی اسمبلی کا انعقاد عوام کو اپنے مسائل اور مطالبات پر براہِ راست رائے دینے کا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش ہے، جبکہ اجلاس کے ذریعے آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین بھی کیا جائے گا۔
Share this content:


