باغ احتجاج میں شریک 11 خواتین کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ

فرحان طارق / مظفرآباد

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع باغ میں حکومت کی جانب سے ممنوعہ قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جیک) کے احتجاج میں شریک خواتین کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق خواتین نے اتوار کو باغ کے حیدری چوک میں احتجاج کیا اور اس دوران نعرے بازی بھی کی۔ احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے 11 خواتین کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، تاہم پولیس یا دیگر سرکاری حکام نے تاحال خواتین کی گرفتاری یا حراست کی تصدیق نہیں کی۔

حراست میں لی گئی خواتین میں سے ایک کے رشتہ دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خواتین کو دن تقریباً تین بجے حیدری چوک سے نعرے بازی کے دوران حراست میں لیا گیا۔

ان کے مطابق پولیس کی جانب سے زیرِ حراست خواتین کے اہلِ خانہ پر یہ دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ خواتین آئندہ احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گی۔

ذرائع کے مطابق حراست میں لی گئی خواتین کا تعلق جنوبی باغ سے بتایا جا رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ممنوعہ قرار دیے جانے کے بعد مختلف علاقوں میں اس کے حامیوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

تاہم خواتین کی حراست کے حوالے سے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔

Share this content: