راولاکوٹ / کاشگل نیوز
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے پونچھ ڈویژن کو پاکستان سے ملانے والے اہم داخلی راستے آزاد پتن اور ڈھلکوٹ گزشتہ تقریباً دو ہفتوں سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید انسانی اور طبی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔
مقامی شہری اسامہ کاشگل کے مطابق تھوراڑ سے تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون گھر میں گرنے کے باعث سر پر شدید چوٹیں آنے سے زخمی ہو گئیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد علاج کے لیے راولپنڈی ریفر کیا گیا۔
ان کے مطابق سی ایم ایچ راولاکوٹ کے اطراف سیکیورٹی حصار اور کشیدہ صورتحال کے باعث اہلِ خانہ نے مریضہ کو راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم آزاد پتن کے مقام پر تعینات فورسز نے انہیں روک لیا۔
اہلِ خانہ کی جانب سے مریضہ کی تشویش ناک حالت سے آگاہ کرنے اور بار بار درخواست کے باوجود انہیں آزاد پتن پل عبور کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد متاثرہ خاندان شدید زخمی بزرگ خاتون کو انتہائی دشوار گزار متبادل راستے کے ذریعے راولپنڈی لے جانے پر مجبور ہوا۔
مقامی عوامی حلقوں اور شہریوں نے گزشتہ دو ہفتوں سے جاری راستوں کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پونچھ ڈویژن کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور علاج معالجے کی سہولیات تک رسائی سے محروم کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہنگامی طبی حالات اور مریضوں کی منتقلی کے لیے بھی راستہ نہ دینا انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے منافی ہے، اور انتظامیہ سے فوری طور پر آزاد پتن اور ڈھلکوٹ انٹری پوائنٹس کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
Share this content:


