بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے متاثرین کے لیے پُرامن جدوجہد کے اعتراف میں سال 2026 کے عالمی اعزاز ’ایڈلسٹام پرائز‘ (Edelstam Prize 2026) سے نواز دیا گیا ہے، جس پر انہوں نے کوئٹہ کی ہدہ جیل سے اپنا ردعمل جاری کرتے ہوئے اس اعزاز کو بلوچ تحریک سے وابستہ ہر ماں، بہن اور متاثرہ خاندان کے نام منسوب کر دیا ہے۔
بی وائی سی کے مطابق اس عالمی ایوارڈ کا فیصلہ کیرولین ایڈلسٹام کی سربراہی میں قائم ایک بین الاقوامی جیوری نے کیا، جس میں نوبیل امن انعام یافتہ شخصیت، بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے سابق چیف پراسیکیوٹر اور اقوامِ متحدہ کے سابق خصوصی نمائندہ شامل ہیں۔ تنظیم کے مطابق یہ ایوارڈ 3 دسمبر 2026 کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے ’ہاؤس آف نوبیلٹی‘ میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا جائے گا، جہاں اسیر رہنما بیبو بلوچ کے بھائی میر بلخ شیر قید میں موجود ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جانب سے یہ اعزاز وصول کریں گے۔
اعزاز کے اعلان کے بعد 25 نومبر 2026 کو ہدہ جیل کوئٹہ سے تحریر کیے گئے اپنے پیغام میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ ایسے حالات میں جب سچائی کے ساتھ سانس لینا اور اپنی شناخت برقرار رکھنا جرم بن گیا ہے، ایڈلسٹام ایوارڈ محض ایک اعزاز نہیں بلکہ بلوچستان کی ان آوازوں کی سچائی کا گواہ ہے جنہیں خاموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریاستی ادارے تحفظ کے بجائے جبر اور انسانی وجود کو کچلنے کا ذریعہ بن چکے ہیں، جبکہ عدلیہ کی غیر جانب داری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’فیس لیس ٹرائل‘ کے ذریعے انہیں سزائیں سنائی گئیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ مارچ 2025 سے ہدہ جیل میں قید ہیں اور انہیں دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے، جبکہ صبغت اللہ شاہ جی، بیبو بلوچ، گلزادی بلوچ اور بیبرگ زہری سمیت دیگر رہنما بھی جیلوں میں قید ہیں۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے عالمی سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ فلسطین سے بلوچستان تک طاقت کی سیاست کا نشانہ بننے والے عام شہریوں کے بنیادی حقوق کو ریاستی و سیاسی مفادات پر ترجیح دیں۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ بی وائی سی نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت تمام اسیر رہنماؤں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Share this content:


