فرحان طارق/ مظفرآباد
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے 25 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں جون 2026 کے دوران ہونے والی بدامنی اور جھڑپوں سے متعلق ایک مشترکہ قرارداد پیش کی گئی، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے اعداد و شمار تفصیل سے بیان کیے گئے، تاہم ان واقعات کے دوران ہونے والی شہری ہلاکتوں کا قرارداد میں کہیں ذکر نہیں ملتا۔
قرارداد ڈپٹی اسپیکر محمد احمد رضا قادری، وزیر جنگلات وقار احمد نور، وزیر صحت عامہ و بہبود آبادی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، وزیر ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن عمیر نعیم، وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ اور رکن اسمبلی چوہدری اسماعیل کی جانب سے پیش کی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جون 2026 سے اب تک عوام کی جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عمل داری برقرار رکھنے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جانیں قربان کیں اور زخمی ہوئے، جنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
قرارداد کے مطابق آزاد کشمیر پولیس کے چار اہلکار شہید اور 180 زخمی ہوئے، اسلام آباد پولیس کا کوئی اہلکار جاں بحق نہیں ہوا تاہم نو زخمی ہوئے۔ پنجاب پولیس کا ایک اہلکار شہید اور چھ زخمی، ایف سی کے دو اہلکار شہید اور 35 زخمی جبکہ پاکستان رینجرز کے چھ اہلکار شہید اور 13 زخمی ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
قرارداد میں پاکستان رینجرز کے ہیلی کاپٹر حادثے میں 18 افراد کی ہلاکت کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جبکہ آئی بی کا ایک اہلکار، انتظامیہ کا ایک اہلکار اور پی ڈبلیو ڈی کے تین اہلکار زخمی ہونے کی تفصیل بھی شامل ہے۔
قرارداد کے مطابق 10 جون 2026 کو مظفرآباد کے نیلم اسٹیڈیم کے مقام پر ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، جس میں 18 اہلکاروں اور پاکستان آرمی کے تین پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 21 افراد کے ہلاک ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ قرارداد میں ان افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
تاہم قرارداد کے اس تفصیلی حصے میں، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء اور زخمی اہلکاروں کے اعداد و شمار درج کیے گئے ہیں، جون 2026 کی جھڑپوں اور احتجاجی واقعات میں مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد، شناخت یا ان کے خاندانوں سے متعلق کوئی اعداد و شمار یا تفصیل شامل نہیں کی گئی۔
قرارداد میں عوامی تحریک کے دوران دھرنوں، شاہراہوں کی بندش، سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی بندش سمیت دیگر اقدامات کو غیر قانونی اور ریاست مخالف کارروائیوں سے تعبیر کیا گیا ہے۔ قرارداد میں حکومت کی جانب سے مذاکرات اور سیاسی و آئینی طریقہ کار کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
اسمبلی کی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام دھرنے اور غیر قانونی احتجاجی سرگرمیاں ختم کی جائیں، شاہراہیں کھولی جائیں، شہریوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے اور معمول کی زندگی گزارنے کی آزادی دی جائے اور مسلح جتھوں کو ختم کرکے ان کے زیرِ استعمال غیر قانونی اسلحہ ریاستی اداروں کے حوالے کیا جائے۔۔
تاہم اس پوری قرارداد میں شہری ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی تفصیلی اعداد و شمار سامنے نہیں آتے۔ اس کے برعکس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء اور زخمی اہلکاروں کی تعداد الگ الگ اداروں کے حوالے سے بیان کی گئی ہے۔
یوں 25 نومبر کو قانون ساز اسمبلی میں پیش کی گئی اس قرارداد کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ اس میں ریاستی اداروں کے جانی نقصان کا تفصیلی ریکارڈ موجود ہے، جبکہ اسی عرصے کے دوران ہونے والی شہری ہلاکتوں کا ذکر قرارداد میں شامل نہیں کیا گیا۔
Share this content:


