روشنی بانٹتے ہاتھ

اسٹوری: فرحان طارق

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر باغ میں قائم ابنِ مکتوم انسٹیٹیوٹ فار بلائنڈ میں ایسے نوجوان تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو آنکھوں سے دنیا دیکھنے سے محروم ہیں، لیکن علم، ہنر اور محنت کے ذریعے اپنے اور دوسروں کے مستقبل کو روشن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہاں کوئی قرآن مجید حفظ کر رہا ہے تو کوئی بریل سیکھ کر دوسرے نابینا بچوں کو تعلیم دے رہا ہے۔ کچھ نوجوان اپنے ہاتھوں سے واشنگ پاؤڈر بناتے اور پیکنگ کرکے خود انحصاری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

یہ مدرسہ صرف تعلیم کا مرکز نہیں بلکہ ان نوجوانوں کے لیے ایک ایسی جگہ ہے جہاں بینائی سے محرومی کو زندگی کی راہ میں حائل رکاوٹ کے بجائے ایک چیلنج سمجھ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ادارے میں شعبہ حفظ کے مدرس اور ناظمِ تعلیمات حافظ محمد نعمان کے مطابق اس وقت یہاں سات سے آٹھ بچے زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ شعبہ حفظ سے تین بچے تعلیم مکمل کرکے اپنے اپنے علاقوں میں واپس جا چکے ہیں۔

ان کے مطابق زیرِ تعلیم بچوں میں سے بعض نے قرآن مجید کے بیس پارے، بعض نے پندرہ اور بعض نے سولہ پارے مکمل کر لیے ہیں۔

حافظ محمد نعمان کہتے ہیں کہ ادارے کا آغاز تقریباً چھ برس قبل ہوا تھا، لیکن محدود وسائل کے باعث اسے چلانا آسان نہیں۔

بریل انسٹرکٹر ذیشان حنیف خود پیدائشی طور پر بینائی سے محروم ہیں۔ انہوں نے اسی نظام کے ذریعے اپنی تعلیم مکمل کی اور میٹرک سے لے کر بی ایس اور بی ایڈ تک تعلیم حاصل کی۔

اب وہی ذیشان حنیف دوسرے نابینا بچوں کو بریل پڑھا رہے ہیں۔

ذیشان حنیف، بریل انسٹرکٹر:

"میں بائی برتھ بلائنڈ ہوں۔ میں نے بریل کو سیکھا۔ میں نے اکاف سے اپنی تعلیم کا آغاز کیا اور اسی ادارے کے ذریعے میٹرک، ایف اے، بی ایس اور بی ایڈ مکمل کیا۔ الحمدللہ اپنی سٹڈی مکمل کرنے کے بعد ابنِ مکتوم باغ میں بطور بریل انسٹرکٹر فرائض انجام دے رہا ہوں۔”

ذیشان حنیف کے مطابق بریل کے ذریعے نابینا طلبہ اردو، انگریزی، ریاضی اور عربی سمیت مختلف مضامین سیکھ سکتے ہیں۔

یوں کبھی خود طالب علم رہنے والا ایک نوجوان آج دوسرے نابینا بچوں کا استاد بن چکا ہے۔

یہاں زیرِ تعلیم اختیار حسین بھی چار برس سے اس ادارے سے وابستہ ہیں۔

ان کا تعلق ضلع باغ کے ایک دور دراز علاقے سے ہے اور وہ اس ادارے میں بریل سیکھنے کے ساتھ قرآن مجید بھی حفظ کر رہے ہیں۔

اختیار حسین، طالب علم:

"اس ادارے میں مجھے کم از کم چار سال ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے ذرا مشکل دور تھا۔ پاکستان میں ادارے تو تھے، یہاں پر ادارے نہیں تھے۔ وہاں تک جانا اور پہنچنا بھی کافی مسائل تھے۔”

اختیار حسین کے مطابق اب ان کا مقصد صرف اپنی تعلیم مکمل کرنا نہیں بلکہ ان نابینا افراد تک بھی تعلیم پہنچانا ہے جو گھروں تک محدود ہیں۔

وہ ادارے کی سرگرمیوں میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں اور بلائنڈ کرکٹ سمیت مختلف سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔

اختیار حسین کہتے ہیں:

"ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہم بہتر سے بہتر بلائنڈ لوگوں کے لیے کام کر سکیں۔ ہمارے بھائی، ہماری بہنیں جو اس وقت گھروں میں پڑے ہوئے ہیں، ان کو باہر نکالنا اور تعلیم سے آراستہ کرنا میری زندگی کا مقصد ہے تاکہ وہ بھی معاشرے کا حصہ بنیں، تعلیم سیکھیں، آگے بڑھیں اور ان کے لیے زندگی آسان ہو سکے۔”

لیکن ان نوجوانوں کی جدوجہد صرف کتابوں اور قرآن کی تعلیم تک محدود نہیں۔

ادارے میں بعض نابینا نوجوان اپنے ہاتھوں سے واشنگ پاؤڈر کی پیکنگ بھی کرتے ہیں۔

پاؤڈر کو وزن کرنا، پیکٹ تیار کرنا، سیل لگانا اور انہیں ترتیب دینا یہ سب کام وہ خود انجام دیتے ہیں۔

ان کے لیے یہ محض ایک معمولی سا کام نہیں بلکہ خود انحصاری کی طرف ایک قدم ہے۔

وہ چاہتے ہیں کہ اپنی صلاحیت کے مطابق کام کریں، روزگار کمائیں اور معاشرے پر بوجھ بننے کے بجائے اپنے خاندان اور معاشرے کے لیے کردار ادا کریں۔

تاہم ادارے کو کئی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔

ادارے کے پرنسپل حافظ محمد عمر کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ساتھ اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ عمارت کرائے پر ہونے اور محدود ہاسٹل سہولت کے باعث مزید نابینا افراد کو داخلہ دینا مشکل ہے۔

حافظ محمد عمر، پرنسپل:

"ہمارے لیے اخراجات بہت زیادہ ہیں۔ مہنگائی کی صورتحال جوں جوں بڑھ رہی ہے، اخراجات بھی اسی طرح تیز ہو رہے ہیں۔ ہمارے لیے مسائل فنانشلی بہت زیادہ ہیں۔ دوسری چیز یہ ہے کہ یہ کرائے کی بلڈنگ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری اپنی بلڈنگ ہو، اپنی زمین ہو جہاں ہم آسانی سے چیزیں چلا سکیں۔”

ان کے مطابق کئی نابینا افراد ادارے سے رابطہ کرتے ہیں، لیکن ہاسٹل کی محدود گنجائش اور مالی مشکلات کے باعث انہیں یہاں رہائش فراہم نہیں کی جا سکتی۔

ادارے کو ایک اور اہم مسئلہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کا بھی ہے۔

ادارے میں بطور کمپیوٹر انسٹرکٹر کام کرنے والے قوتِ بصارت سے محروم عرفان مجید کے مطابق جدید دور میں نابینا طلبہ کے لیے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت انتہائی ضروری ہے۔

عرفان مجید، کمپیوٹر انسٹرکٹر:

"آج کل جو نیٹ کی فسیلٹیز ہیں وہ ہمارے پاس بالکل نہیں ہیں۔ بہت ساری کلاسز سٹک ہو کے رہ گئی ہیں۔ آج کل کی ویب براؤزنگ اور تھری جی وغیرہ جو بچوں کو کراتے ہیں، وہ ہم نہیں کروا پا رہے۔”

عرفان مجید کے مطابق اگر ادارے کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر دی جائے تو نابینا طلبہ جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔

عرفان مجید کہتے ہیں:

"میں اپنے ذمہ داران سے ریکویسٹ کروں گا کہ وہ ہمارے ادارے کو نیٹ کی جو فسیلٹیز ہیں، وہ مہیا کریں۔”

چھ برس قبل محدود وسائل کے ساتھ شروع ہونے والا یہ ادارہ آج چند نابینا بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم، قرآن، بریل اور ہنر فراہم کر رہا ہے۔

یہاں ایک طرف قرآن مجید کی تلاوت سنائی دیتی ہے، تو دوسری طرف بریل کے نقطوں پر انگلیاں چلتی ہیں۔

کہیں استاد اپنے شاگرد کو پڑھا رہا ہے تو کہیں ایک نابینا نوجوان اپنے ہاتھوں سے محنت کرکے خود انحصاری کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ کہانی صرف محرومی کی نہیں بلکہ امکانات کی بھی ہے۔

یہ نوجوان شاید اپنی آنکھوں سے دنیا نہیں دیکھ سکتے، لیکن وہ اپنے علم، ہنر اور حوصلے سے اپنی دنیا خود بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اور جب ایک نوجوان خود علم حاصل کرنے کے بعد دوسرے نابینا بچے کو پڑھاتا ہے، تو یہ صرف تعلیم کی منتقلی نہیں ہوتی، بلکہ امید کی ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقلی بھی ہوتی ہے۔

شاید روشنی صرف وہ نہیں جو آنکھوں سے دکھائی دے۔

روشنی وہ بھی ہے جو علم سے پیدا ہو، محنت سے بڑھے اور کسی دوسرے انسان کی زندگی کا راستہ روشن کر دے۔

باغ کے ان نوجوانوں کی کہانی بھی ایسی ہی روشنی کی کہانی ہے۔

روشنی بانٹتے ہاتھ۔

٭٭٭

Share this content: