جے یو آئی کا پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان،85 سے زائد مظاہرین گرفتار

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے خیبر پختونخوا بھر کے ضلعی ہیڈ کواٹرز میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

جے یو آئی کی خیبر پختونخوا کی تنظیم کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کا مظاہرہ دو بجے مفتی محمود مرکز سے شروع ہوگا۔

اس سے قبل گذشتہ شب مولانا فضل الرحمان نے اپنی جماعت کے میں کارکنان کو ہدایت دی تھی کہ وہ پاکستان بھر میں تمام دھرنے ملتوی کر دیں اور جمعے کی نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

جے یو آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ مانسہرہ سے ملنے والی اطلاع کے مطابق مفتی ناصر محمود سمیت بیس افراد گرفتار کیا گیا ہے جبکہ بونیر میں 51 کارکنان محتلف تھانوں میں پولیس کی حراست میں ہیں۔

بی بی سی اردو کے نامہ نگار عزیزاللہ خان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا کی مشیرِ اطلاعات ثمر بلور کا کہنا ہے کہ انھیں پولیس نے بتایا ہے کہ پشاور میں 14 افراد کو موٹروے ٹول پلازا کو بند کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

گذشتہ شب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ایک تقریر کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ پولیس انھیں گرفتار کر چکی ہے اور ’اب میں ان کی حراست میں ہوں‘، تاہم لاہور پولیس نے ان کے اس دعوے کی تردید کر دی۔

جمعرات کی رات لاہور کے ملتان روڈ پر کارکنان سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’ابھی ہمارے پاس سی سی پی او (کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر) تشریف لائے ہیں، وہ میری گرفتاری کر چکے ہیں اور اب میں ان کی حراست میں ہوں۔‘

تاہم لاہور کے سی سی پی او بلال کمیانا نے مولانہ فضل الرحمان کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ انھوں نے بی بی سی اردو کی نامہ نگار ترہب اصغر کو بتایا کہ ’ہم نے انھیں گرفتار نہیں کیا ہے کیونکہ وہ ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں۔‘

’وہ خود اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گئے ہیں، ہمیں نہیں پتا کہاں گئے ہیں۔‘

Share this content: