اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس، شہر میں تعطیل،ٹریفک پلان جاری

پاکستان کے دار الحکومت اسلام آباد میں آج مکہ دفاعی اتحاد کی ’سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس کمیٹی‘ کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے اس اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اجلاس اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں ہو گا، جہاں صرف سرکاری میڈیا کو رسائی حاصل ہو گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے شہر کی حدود میں مقامی عام تعطیل کا اعلان اور نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

جمعرات کے روز شہر کی مختلف شہراہوں پر پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے پرچم آویزاں ہیں جبکہ تینوں ممالک کے پرچم کے ساتھ استقبالیہ بینرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تقریباً دو ہفتے قبل ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ مکہ دفاعی اتحاد کی کمیٹی کا اجلاس نومبر کے آخر میں ہو گا۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے مشترکہ دفاعی اتحاد کے اس معاہدے پر دستخط رواں برس اگست میں کیے تھے۔

مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے حکام کے اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے سلسلے میں ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔

پولیس کی جانب سے سری نگر ہائی وے استعمال کرنے والے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سہروردی روڈ، سروس روڈ جی ایٹ، سروس روڈ جی نائن، زیرو پوائنٹ استعمال کرے جبکہ فیض آباد جانے والی ٹریفک فیصل ایونیو اور نائنتھ ایونیو والی ٹریفک سروس روڈ ایسٹ استعمال کرے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانا ایئرپورٹ روڈ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ اور آئی جے پی سے فقیر ایپی روڈ استعمال کریں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ، کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ استعمال کریں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نیو ائیر پورٹ اور پشاور روڈ جانے کے لیے شہری جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کریں جبکہ بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہری بنی گالا ،پارک روڈ استعمال کریں۔

ترجمان کا کہنا ہے ڈائیورشنز کے دوران شاہراوں پر ٹریفک سست روی کا شکار ہوگی اس لیے شہری مشکلات سے بچنے کے لیے 20 سے 25 منٹ کا دورانیہ رکھ کر سفر کریں۔

Share this content: