جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ایک تقریر کے دوران دعویٰ کیا کہ پولیس انھیں گرفتار کر چکی ہے اور ’اب میں ان کی حراست میں ہوں‘، تاہم لاہور پولیس نے ان کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔
جمعرات کی رات لاہور کے ملتان روڈ پر کارکنان سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’ابھی ہمارے پاس سی سی پی او (کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر) تشریف لائے ہیں، وہ میری گرفتاری کر چکے ہیں اور اب میں ان کی حراست میں ہوں۔‘
تاہم لاہور کے سی سی پی او بلال کمیانا نے مولانہ فضل الرحمان کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ انھوں نے بی بی سی اردو کی نامہ نگار ترہب اصغر کو بتایا کہ ’ہم نے انھیں گرفتار نہیں کیا ہے کیونکہ وہ ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں۔‘
’وہ خود اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گئے ہیں، ہمیں نہیں پتا کہاں گئے ہیں۔‘
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے اپنی تقریر میں کارکنان کو ہدایت دی تھی کہ وہ ملک بھر میں تمام دھرنے ملتوی کر دیں اور جمعے کی نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان کی جماعت نے 26 نومبر کو پنجاب کے شہر سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ تاہم ضلع سرگودھا کی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان سمیت نو افراد کے ضلع کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی۔
اس کے بعد ایک ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ پورے ملک میں نکل کر راستے، سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کر دیں۔
Share this content:


