پشاور اوردیگر علاقوں میں جے یو آئی کے احتجاجی مظاہرے

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر پاکستان کے مختلف علاقوں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ان مظاہروں کے دوران کچھ علاقوں سے احتجاج روکنے کے لیے پولیس نے کارروائیاں کیں جبکہ کچھ علاقوں میں یہ مظاہرے پر امن بھی رہے ہیں۔

پشاور کے مفتی محمود مرکز سے جمعیت کے کارکن اور قائدین نعرے لگاتے ہوئے رنگ روڈ پر آئے جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

اس احتجاجی ریلی کی قیادت جماعت کے پشاور کے امیر مولانا عطاء الحق درویش اور دیگر قائدین کر رہے تھے۔ اس موقع پر کارکن نعرہ بازی کرتے رہے جن میں گورنر راج نا منظور ، ایمر جنسی نا منظور جیسے نعرے شامل تھے۔

مفتی محمود مرکز سے تھوڑی دور رنگ روڈ پر کبوتر چوکت پر ریلی سے قائدین نے خطاب کیا اور حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔

قائدین کا الزام تھا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس وقت ملک میں سیاسی اور جمہوری سرگرمیوں پر پابندی عائد کرکے عوام سے ان کا بنیادی حق بھی چھینا جا رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے سیاسی تدبر کے تحت احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تھا: عبدالجلیل جان

جماعت کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعیت علماءاسلام نے صوبہ پنجاب میں جلسوں کا اعلان کیا تھا۔

جلیل جان نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان سرگودھا جلسے سے خطاب کے لیے جا رہے تھے لیکن ان کے لیے تمام راستے بند کر دیے گئے تھے اور انھیں نظر بند کر دیا گیا تھا۔

عبدالجلیل جان نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ رات مولانا فضل الرحمان کی کال پر پاکستان بھر میں ان کے کارکنوں نے روڈ موٹر وے اور تمام راستے بند کر دیے تھے اور یہ واضح کر دیا تھا کہ چند گھنٹوں میں ان کی جماعت ملک کو بند کر سکتی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان نے سیاسی تدبر کے تحت احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ان کے مطابق یہ احتجاجی مظاہرے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی، رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور حکومت کی جانب سے سرگودھا کانفرنس روکنے کے خلاف کیے گئے ہیں۔

احتجاجی مظاہرے پشاورسمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں جیسے سوات کوہستان ، ڈیرہ اسماعیل خان ، لکی مروت مردان ، چارسدہ ، سوات ، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں کیے گئے ہیں۔

گزشتہ رات خیبر پختوںخوا میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے اور سڑکیں بند کی گئیں جس پر پولیس نے کچھ علاقوں میں جمعیت کے کارکنوں کا منتشر کرنے کے کئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس پھینکی۔

خیبر پختونخوا میں مشیر برائے اطلاعات ثمر ہارون بلور نے بتایا ہے کہ رات موٹر وے بند کرنے پر جمعیت کے 22 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سندھ میں کراچی، لاڑکانہ، ٹھٹہ اور دیگر شہروں میں جمعیت علما اسلام کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔

جے یو آئی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے اور پارٹی کے مرکزی امیر کی نقل و حرکت پر پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

Share this content: