حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ فضائی حملے میں مارے گئے ،اسرائیل

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ غزہ شہر کے علاقے رمل میں ایک فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس امر کی تصدیق کی کہ حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ غزہ شہر کے علاقے رمل میں ایک فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملہ اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) اور داخلی انٹیلی جنس ایجنسی شین بیت کی مشترکہ کارروائی تھی، جس میں جدید انٹیلی جنس اور درست نشانہ بنانے والے ہتھیار استعمال کیے گئے۔

حملہ 30 اگست 2025 کو مقامی وقت کے مطابق شام 5:30 کے قریب ہوا۔

نشانہ ایک رہائشی عمارت تھی جہاں ابو عبیدہ موجود تھے۔

حملے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہوئے، جن میں عام شہری بھی شامل تھے۔

رمل میں مذکورہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی، اور زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ کی موت کی تصدیق سامنے آنے سے قبل اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ابو عبیدہ کی اصل حالت ابھی تک واضح نہیں ہے۔

وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، ”ہم نے حماس کے ترجمان، ایک دہشت گرد تنظیم کے ترجمان اور برائی کے نمائندے، ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا۔‘‘

ایک حکومتی اجلاس سے قبل نیتن یاہو نے مزید کہا، ”ابھی تک ہمارے پاس کوئی حتمی نتیجہ نہیں ہے۔ اگرچہ مجھے امید ہے کہ وہ اب ہمارے درمیان نہیں ہے، میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حماس کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی رپورٹننگ کے لیے حماس کا کوئی ترجمان موجود نہیں ہے۔‘‘

اسرائیل کا کہنا ہے کہ ابو عبیدہ صرف ترجمان نہیں بلکہ حماس کی قیادت میں ایک اہم فیصلہ ساز تھے۔

حماس نے ابھی تک ابو عبیدہ کی موت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔

Share this content: