تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی کا اعلان

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحد پر تین ہفتوں سے جاری خونریز جھڑپوں کے بعد جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا ہے، جن میں تقریباً دس لاکھ افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو گئے تھے۔

دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا کہ سحر پر مزید فوجیوں کی تعیناتی پر پابندی ہوگی اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو جلد از جلد واپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔

جنگ بندی سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق سپہر پانچ بجے نافذ ہوئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ جنگ بندی 72 گھنٹے تک قائم رہی تو جولائی سے تھائی لینڈ کی تحویل میں موجود 18 کمبوڈیائی فوجیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔

یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان کئی روزہ مذاکرات کے بعد سامنے آئی، جس میں چین اور امریکہ نے ثالثی کا کرداد ادا کیا۔

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں بے گھر افراد کو ان کے گھروں میں واپس لانے کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ بارودی سرنگیں ہٹانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

تھائی لینڈ کے وزیرِ دفاع نتھاپھون نارکفانِت نے جنگ بندی کو ’دوسری جانب کی سنجیدگی کا امتحان‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’اگر جنگ بندی قائم نہ رہ سکی یا اس کی خلاف ورزی ہوئی تو تھائی لینڈ کو بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے دفاع کا جائز حق حاصل ہے۔‘

تاہم اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ٹرک نے امید ظاہر کی کہ ’یہ جنگ بندی امن کی راہ ہموار کرے گی،‘ جبکہ یورپی یونین کے ترجمان نے اس کے نفاذ میں ’نیک نیتی‘ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

Share this content: