میکسیکو کی ریاست اوآکساکا میں ٹرین حادثے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور تقریباً 100 زخمی ہو گئے ہیں۔
اب تک سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 241 مسافر اور نو عملے کے ارکان سوار تھے۔ حکام کے مطابق 98 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 36 کو علاقے کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ ٹرین نساندا قصبے کے قریب ایک موڑ کاٹتے ہوئے پٹڑی سے اتر گئی۔ میکسیکو کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کی ہے۔
میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شینبام نے کہا کہ زخمیوں میں پانچ افراد کی حالت نازک ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اعلیٰ حکام، جن میں بحریہ کے وزیر بھی شامل ہیں، جائے حادثہ پر روانہ کر دیے گئے ہیں۔
میکسیکن نیوی کے مطابق انٹروسیانک ٹرین، جو بحرالکاہل کی بندرگاہ سالینا کروز سے خلیجی ساحل کے شہر کوآتزاکوالکوس جا رہی تھی، دو انجن اور چار مسافر بوگیوں پر مشتمل تھی۔
Share this content:


